غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام اور انہیں بنیادی ضروریات سے محروم رکھنا قابل مذمت ،عالمی برادری اسرائیلی بربریت روکنے کے لیے کردار ادا کرے،ایران

بدھ 23 جولائی 2025 10:00

تہرا ن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ایران نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام،انہیں خوراک ،پانی ،ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات سے محروم رکھنے کا اسرائیلی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے،عالمی برادری یہ بربریت روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔روسی خبررساں ادارے تاس نے ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ غزہ میں انسانی المیہ سنگین تر ہوتا جارہا ہے جس کی بنیادی وجہ اسرائیل کے خوفناک جرائم ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں مغربی ایشیا کے ممالک اور عالمی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرتے ہوئے اس نسل کشی کو روکیں اور مظلوم فلسطینیوں کی تکالیف میں کمی لائیں۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ کا غیر انسانی محاصرہ ، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں پر وحشیانہ بمباری اور انسانی امداد کی تقسیم کے مراکز کو نشانہ بنانے کے ذریعے بھوکے پیاسے لوگوں کو اجتماعی قتل کا نشانہ بنانا اسرائیل اور اس کے حامیوں کے ظلم و بربریت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔