پاکستان میچ ہار گیا لیکن تماشائیوں کا پیسہ وصول ہوگیا، سلمان علی آغا کا نرالا بیان

15 پر 5 آؤٹ ہونے کے بعد میچ سنسنی خیز بنایا، میچ تقریباً چھین لیا تھا لیکن کرکٹ میں ایسا ہی ہوتا ہے، میچ کے بعد گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 جولائی 2025 11:44

پاکستان میچ ہار گیا لیکن تماشائیوں کا پیسہ وصول ہوگیا، سلمان علی آغا ..
ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جولائی 2025ء ) ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ پاکستان میچ ہار گیا لیکن تماشائیوں کا پیسہ وصول ہوگیا۔
شیر بنگلا نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
فہیم اشرف کی 51 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، عباس آفریدی 19 اور احمد دانیال 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

بنگلادیش کی جانب سے شرف الاسلام نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے نرالا بیان دیا کہ پاکستان سیریز ہار گیا لیکن تماشائیوں کا پیسہ وصول ہوگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 15 پر 5 آؤٹ ہونے کے بعد میچ سنسنی خیز بنایا، میچ تقریباً چھین لیا تھا لیکن کرکٹ میں ایسا ہی ہوتا ہے۔
آغا سلمان نے کہا کہ پاور پلے میں جس طرح ہم نے بولنگ کی اس سے ہمیں بنگلادیش کو 10 رنز کم پر آؤٹ کرنا چاہیے تھا لیکن 103 وہ ٹوٹل تھا جو ہم نے سوچا کہ ہمارے قابو میں ہے، ہمیں پاور پلے میں بیٹنگ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے نوجوان فاسٹ بولر احمد دانیال اور سلمان مرزا کی تعریف کی اور مستقبل کا اثاثہ قرار دیا۔
کپتان نے کہا کہ سلمان مرزا نے دونوں میچز میں شاندار بولنگ کی پھر دانیال نے اس میچ میں اچھی بولنگ اور بیٹنگ کی۔