ایشیاکپ: بائیکاٹ کا خوف یا کوئی اور وجہ، پاک بھارت میچ کے ٹکٹس تاحال فروخت نہ ہوسکے

عام طور پر کسی بھی ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوجاتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 9 ستمبر 2025 14:32

ایشیاکپ: بائیکاٹ کا خوف یا کوئی اور وجہ، پاک بھارت میچ کے ٹکٹس تاحال ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2025ء ) ایشیا کپ کے ٹکٹس کی فروخت شروع ہونے کے باوجود پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو شیڈول معرکے کے ٹکٹ بدستور دستیاب ہیں۔
عام طور پر کسی بھی ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوجاتے ہیں۔ 
 تاہم اس مرتبہ ٹکٹس کی تاحال دستیابی کی وجہ منتظمین کی جانب سے ’پیکج سسٹم‘ متعارف کرانے کو قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ٹورنامنٹس میں شائقین صرف روایتی حریفوں کے میچ کا ٹکٹ خرید سکتے تھے مگر اس بار منتظمین نے یہ میچ دیکھنے کے خواہشمندوں پر کئی میچز کے ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد کردی ہے جسے بنڈل پیکج کا نام دیا گیا ہے۔ 
 منتظمین کے اس اقدام کا مقصد دوسرے میچز کے ٹکٹ بھی فروخت کرنا ہے۔

(جاری ہے)

 

 واضح رہے کہ اس پیکج میں سپر فور اور فائنل کے ٹکٹ شامل نہیں ہیں۔

 
یاد رہے کہ مینز ایشیا کپ کا 15 واں ایڈیشن ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں آٹھ ٹیمیں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، اومان، یو اے ای اور ہانگ کانگ کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 
 ہندوستان کو گروپ اے میں عمان، پاکستان اور میزبان یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ وہ 10 ستمبر کو دبئی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی مہم کا آغاز اسی مقام پر 14 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان سے کریں گے اور 19 ستمبر کو ابوظہبی میں اومان کے خلاف گروپ مرحلے کا آغاز کریں گے۔

 
گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا شامل ہیں۔ ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچیں گی اور اس راؤنڈ کی ٹاپ دو ٹیمیں 28 ستمبر کو فائنل میں حصہ لیں گی۔
1984ء میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اب تک 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں۔
 بھارت سب سے زیادہ ایشیا کپ جیتنے والا ملک ہے جس نے یہ ٹورنامنٹ 8 بار اپنے نام کیا ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 1984ء، 1988ء، 91-1990ء، 1995ء، 2010ء، 2016ء، 2018ء اور 2023ء میں جیتا۔ 
 سری لنکا ایشیا کپ 6 بار اپنے نام کرچکا ہے۔ اس نے یہ ٹورنامنٹ 1986ء، 1997ء، 2004ء، 2008ء، 2014ء، 2022ء اپنے نام کیا۔ 
پاکستان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اب تک 2 بار جیت چکا ہے۔ گرین شرٹس نے پہلی بار ایشیا کپ 2000ء میں اپنے نام کیا جس کے بعد 2012ء میں دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔