عوام الناس کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات کی فراہمی مشن ہے، سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت

بدھ 23 جولائی 2025 17:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے کہا ہے کہ عوام الناس کوان کی دہلیز پرطبی سہولیات کی فراہمی مشن ہے،جسے ہرصورت پورا کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز جلال پور پیر والا میں اپنے دورے کے دوران کیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان ڈاکٹر ثوبان ضیا ملک اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔

وہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، مریم نواز ہیلتھ کلینک علی پورسادات اوریونین کونسل 113 میں موجود وزیراعلی پنجاب کلینک آن ویل گئے اورفراہم کردہ طبی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین نے لوگوں کےگھروں میں جا کران سے طبی سہولیات کی دستیابی بارے بھی استفسارکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ مزید لگن اورجذبہ سے دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھیں۔

تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال جلال پور پیروالا میں صفائی اورسروس ڈیلیوری کی غیرتسلی بخش صورتحال پرسپیشل سیکرٹری نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کو ایم ایس کواظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ دوردرازعلاقوں کے مکینوں تک صحت عامہ کی سہولیات پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے، دکھی انسانیت کی خدمت میں کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔