تعلیم ہر بچے اور بچی کا بنیادی حق ہے اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ بھرپور کوششیں جاری رکھے گی،ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان

بدھ 23 جولائی 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نجی فلاحی ادارے کے تعاون سے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول روجھان جمالی کی تزئین و آرائش اور تعمیر و مرمت کے کام مکمل ہونے کے بعد اسکول کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، اساتذہ، طالبات سمیت دیگر سیاسی، سماجی اور قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کلاس رومز میں جاری تزئین و آرائش، تعمیر و مرمت، اور سہولیات کی بہتری کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکول میں بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے میں جو مشکلات درپیش تھیں ان کا بڑی حد تک تدارک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ پر لازم ہے کہ وہ بچیوں کو بہتر معنوں میں تعلیم سے روشناس کرائیں تاکہ مستقبل میں انہیں کسی بھی میدان میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم ہر بچے اور بچی کا بنیادی حق ہے اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ بھرپور کوششیں جاری رکھے گی تاکہ تمام درسگاہوں کے مسائل جلد از جلد حل کیے جا سکیں اور طالبات کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم ہو، کیونکہ ایک پڑھی لکھی ماں ہی مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :