ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کا تربت شہر اور گردونواح میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ

بدھ 23 جولائی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے بدھ کے روز تربت شہر اور گردونواح میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے انجینئر قاسم گچکی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سینیما چوک اور دشتی بازار کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور سیوریج لائن کی سکیموں کا معائنہ کیا، جہاں انجینئر قاسم گچکی نے انہیں منصوبوں کی موجودہ پیش رفت پر بریفنگ دی اور درپیش تکنیکی و انتظامی مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کیچ نے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے اور تربت شہر میں ٹرانسپورٹ اور شہری انفراسٹرکچر میں واضح بہتری آئے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ملک آباد اور چاہ سر کے علاقوں کا دورہ کیا، جہاں سڑکوں کی تعمیر کے باعث متاثرہ دکانداروں کے مسائل سنے۔ انہوں نے متاثرہ کاروباری حضرات کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔