ڈپٹی کمشنر سبی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کمیٹی کا اجلاس

بدھ 23 جولائی 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو، سینئر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر میر گہرام لاشاری، ڈسٹرکٹ کوآرڈینٹر آر ٹی ایس ایم مرزا اطہر بیگ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں ضلع بھر میں اساتذہ کی تقرری، اسکولوں کی فعالیت اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا ،ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے ہدایت کی کہ اساتذہ کی تعیناتی کے لئے مؤثر لائحہ عمل مرتب کیا جائے اور اس سلسلہ میں ڈی آر سی اجلاس جلد منعقد کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ 19 شیلٹر لیس اسکولوں کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ان اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بہتر انداز میں بحال کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے اسکولوں کے کھلتے ہی باقاعدہ دوروں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ تدریسی عمل اور سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر سبی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں تعلیمی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اصلاحات جاری رکھی جائیں گی۔