لیسکو ٹیم کی شالیمار کی حدود میں کارروائی، میڑوں کو ریورس کر کے یونٹس میں ردوبدل کرنے والا ملزم گرفتار

بدھ 23 جولائی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹیو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی قیادت میں ایس ای ایسٹ سرکل عمر بلال کی ایکسیئن شالیمار ٹیم کے ہمراہ سب ڈویژن شالیمار کی حدود میں کارروائی ،کروڑوں روپوں کا ہر ماہ نقصان پہنچانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم گھریلو، صنعتی اور کمرشل میڑوں کو ریورس کر کے یونٹس میں ردوبدل کرتا تھا، ملزم کی شناخت ندیم کے نام سے ہوئی، جو پیشہ ور الیکٹریشن ہے۔

ملزم ہر ماہ ریڈنگ کی آخری تاریخوں میں گھروں اور کارخانوں میں جا کر میڑوں کو ریورس کرتا تھا۔ سینکڑوں صارفین کے میڑوں کو ہر ماہ پیچھے کرنے کی مکمل تفصیل لیسکو افسران نے حاصل کر لی ہے۔ ایس ای ایسٹ سرکل کے مطابق چوری میں ملوث ہر صارف کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ چوری کا بل وصول کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو لیسکو نے واضح کیا کہ ادارے کے اندر یا باہر جو بھی بجلی چوری میں ملوث پایا جائے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی سیاسی یا ذاتی وابستگی کو ادارے کے اصولوں کے سامنے حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لیسکو کی یہ مہم نہ صرف مالی استحکام کا ذریعہ ہے بلکہ نظام میں بہتری اور صارفین کے اعتماد کی بحالی کے لیے ایک مضبوط اور فیصلہ کن قدم ہے۔