دلجیت دوسانجھ ایک سچا سردار ہے، جس نے اپنا وعدہ نبھایا ، ناصرچنیوٹی

جمعرات 24 جولائی 2025 15:59

دلجیت دوسانجھ ایک سچا سردار ہے، جس نے اپنا وعدہ نبھایا ، ناصرچنیوٹی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)پاکستان اسٹیج، ٹی وی اور فلموں کے نامور اداکار اور کامیڈین ناصر چنیوٹی نے بھارتی عوام سے کہا ہے کہ وہ دلجیت دوسانجھ سے نفرت انگیزی کا سلسلہ بند کردیں۔مشہور کامیڈین نے حال ہی میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3 میں دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کے ساتھ اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہ فلم دونوں ممالک کے فنکاروں کے درمیان ایک نایاب اور خوش آئند اشتراک کی مثال ہے، لیکن پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باعث اس فلم کی ریلیز کے بعد سے دلجیت دوسانجھ کو بھارت میں شدید تنقید اور بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔ناصر چنیوٹی دلجیت نے دو سانجھ کی حمایت میں آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کسی بھارتی پروڈیوسر کے ساتھ کام نہیں کیا ہے بلکہ دلجیت دوسانجھ، گپی گریوال اور امی ورک جیسے سپر اسٹارز کے ساتھ فلمیں کی ہیں۔

(جاری ہے)

ان فنکاروں کو انہوں نے بھائیوں کی طرح سمجھا ہے اور ہمیشہ ان کا احترام کرتے ہیں۔ناصر چنیوٹی نے بھارتی عوام سے اپیل کی کہ وہ دلجیت دوسانجھ کے خلاف نفرت یا ٹرولنگ نہ کریں۔ کیونکہ وہ نفرت کے نہیں تعریف کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا دلجیت دوسانجھ نے پنجابی ثقافت، پگ اور پنجاب کی خوبصورتی کو دنیا بھر میں جس انداز سے روشناس کرایا ہے، وہ یقینا لائق تحسین ہے۔

وہ ایک سچا سردار ہے، جس نے اپنا وعدہ نبھایا اورراہ میں حائل رکاوٹوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سردار جی 3 کو ریلیز کیا۔فنکار کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں فنکاروں کے درمیان محبت اور امن کا پیغام پھیلانا چاہیے، نہ کہ نفرت اور تعصب کا۔فنکار کے نزدیک فلم سردار جی 3 میں پاکستانی فنکاروں کی موجودگی نے ثابت کیا ہے کہ فن سرحدوں کا محتاج نہیں ہوتا۔ دلجیت دوسانجھ کا یہ قدم ایک جرات مندانہ فیصلہ تھا، جو ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے اور اس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔