پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ 22 سال بعد سرپلس ہونا نیک شگون ہے، عاطف اکرام شیخ

جمعرات 24 جولائی 2025 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ 22 سال بعد سرپلس ہونا نیک شگون ہے،گزشتہ مالی سال کرنٹ اکائونٹ خسارہ 2.1 ارب ڈالر سرپلس رہاہے اور پاکستانی اشیاء کی برآمدات میں بھی 4.2 فیصد کا اضافہ ہوا جو معیشت کے مستقبل کیلئے خوش آئند بات ہے، ملکی معیشت کی بحالی میں تاجر برادری حکومت کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔

نائب صدر طارق جدون،چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک اور چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل کے ہمراہ ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایکسپورٹ کے شعبے کو مراعات دی جائیں تو برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے،حکومت کا برآمدات کو آئندہ پانچ سالوں میں 60 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف بہتر معاشی پالیسیوں کے ساتھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ہماری تجویز ہے کہ ایکسپورٹ کے شعبے کو مراعات دیئے بغیر ہدف کا حصول ناممکن ہے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے حکومتی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں کمی آئی ہے،پالیسی ریٹ کی مزید کمی سے مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں مزید کمی آ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات دینے کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے بیرون ملک روڈ شو منعقد کرنا ضروری ہے۔