پنجاب یونیورسٹی کے دوبوائز ہاسٹلز کو گرلز ہاسٹلز میں تبدیل کر دیا گیا

جمعرات 24 جولائی 2025 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء) وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی کی ہدایت پرپنجاب یونیورسٹی میںطالبات کی تعداد کے پیش نظر 2 بوائزہاسٹلز کو گرلزہاسٹلز میں تبدیل کر دیا گیا۔پنجاب یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر کے اس اقدام سے یونیورسٹی میں بوائز اور گرلز ہاسٹلز کی تعداد برابر ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں 56 فیصد طالبات اور 44 فیصد طلباء زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 56 فیصد طالبات کے لئے 12 اور 44 فیصد طلباء کے لئے 16 ہاسٹلز مختص تھے جبکہ طالبات کی تعداد میں اضافے کے باعث گرلز ہاسٹلز میں طالبات کو شدید پریشانی کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو مساوی بنیادوں پر ہاسٹلز کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انتظامیہ نے 2 بوائز ہاسٹلز کوگرلز ہاسٹلز میں بدل دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بوائز ہاسٹل نمبر 17 کو حضرت بی بی آسیہ (ر) جبکہ خالد بن ولید ہال کو حضرت بی بی صفیہ (ر) کے نام سے منسوب کر دیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیل کئے گئے بوائز ہاسٹلز کے تمام طلباء کو دیگر ہاسٹلز میںرہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ ہاسٹل کلین اپ آپریشن کے باعث بوائز ہاسٹلز میں سینکڑوں قانونی طلباء کے لئے گنجائش پیدا ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا اقدام خواتین کو برابری کے حقوق و سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی کا ثبوت ہے۔