فرنیچر ایسوسی ایشن کے وفد کی لاہور چیمبر آمد، عہدیداران کو تحفظات سے آگاہ کیا

جمعرات 24 جولائی 2025 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء) فرنیچر ایسوسی ایشن کے وفد نے میاں افضل کی قیادت میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری سے ملاقات کی۔ وفد نے غیر منظم فرنیچر نمائشوں سمیت دیگر مسائل سے لاہور چیمبر کے عہدیداران کو آگاہ کیا۔ سہیل محمود بٹ، خلیل عبیر اور دیگر اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

وفد نے بتایا کہ ان نمائشوں نے مستند اور رجسٹرڈ کاروباری افراد و کاریگروں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ میاں افضل نے کہا کہ یہ نمائشیں اب تشہیر کے بجائے سستی فروخت کا ذریعہ بن گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیشتر نمائش کنندگان نان فائلر ہیں، ان کے پاس نہ تو رجسٹرڈ شورومز ہیں اور نہ ہی مستقل پیداوار کی سہولیات۔

(جاری ہے)

بعد از فروخت خدمات کی عدم موجودگی نے صارفین کا اعتماد بھی متزلزل کر دیا ہے۔

وفد نے ڈیٹا کے ساتھ بتایا کہ ان نمائشوں میں 50 سے 70 فیصد تک رعایتی قیمتوں پر سامان فروخت کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں سال میں ایک یا دو مرتبہ حکومت کی نگرانی میں نمائشیں منعقد ہوتی ہیں، مگر پاکستان میں ہر شہر میں غیر متعلقہ افراد کے ذریعے بلا روک ٹوک نمائشیں منعقد کی جا رہی ہیں جس سے باقاعدہ کاروباری حلقے متاثر ہو رہے ہیں۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ نمائشوں کو ریگولیٹ کیا جائے، صرف رجسٹرڈ اور این ٹی این ہولڈر کاروباری اداروں کو حصہ لینے کی اجازت دی جائے، بعد از فروخت سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر ٹریڈ ریگولیشن اور صارفین کے تحفظ کو ممکن بنایا جائے۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے وفد کو یقین دلایا کہ لاہور چیمبر اس مسئلے کو اعلیٰ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر منظم کاروباری سرگرمیاں صرف منصفانہ تجارت کو نقصان نہیں پہنچاتیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی کمزور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنے ممبران اور حقیقی کاروباری برادری کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔وفد نے لاہور چیمبر کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔