پشاور سپورٹس کمپلیکس میں لیکروس ٹریننگ کیمپ اختتام پذیر ہوگیا

جمعرات 24 جولائی 2025 23:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء)خیبرپختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں لیکروس ٹریننگ کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر تھے۔کیمپ میں ڈسٹرکٹ پشاور سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس جمشید بلوچ،ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع رضی اللہ،ایڈمنسٹریٹر یوسف آفریدی، پاکستان لیکروس فیڈریشن کے سیکرٹری انجینئر طیفور زرین سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

ٹریننگ کیمپ میں کوالیفائیڈ کوچز نے کھلاڑیوں کو مختلف مہارتیں سکھائیں جن میں کھیلنے کی تکنیک، پاسنگ، شوٹنگ، کیچنگ اور دفاعی طریقے شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمانِ خصوصی تاشفین حیدر نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے نئے کھیلوں کی ترویج وقت کی ضرورت ہے۔ ہم صدر خیبرپختونخوا لیکروس ایسوسی کی ان مثبت کوششوں کو سراہتے ہیں جن کی بدولت صوبے کے تمام ریجنز میں لیکروس ٹریننگ کیمپس بھرپور انداز سے جاری ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ ٹریننگ کیمپ خیبرپختونخوا میں لیکروس کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے اور پاکستان لیکروس فیڈریشن اور اس کے صوبائی یونٹس کی طرف سے کھیل کو ہر جگہ تک لے جانے کی ایک موثر کاوش ہے۔