معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیرصدارت کمپنیز ایکٹ 2017 کی جدت کاری سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس ، مجوزہ ترامیم، ریگولیٹری اصلاحات اور اَن لسٹڈ کمپنیوں کی رجسٹریشن آسان بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعہ 25 جولائی 2025 13:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرصدارت کمپنیز ایکٹ 2017 کی جدت کاری سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسکاٹ جیکبز، بورڈ آف انویسٹمنٹ، ایس ای سی پی اور او آئی سی سی کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں کمپنیز ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترامیم، ریگولیٹری اصلاحات اور اَن لسٹڈ کمپنیوں کی رجسٹریشن کو آسان بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ سخت اور پیچیدہ قوانین کی وجہ سے لوگ اپنی کمپنیاں رجسٹر کروانے سے گریز کرتے ہیں جو معیشت کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار میں درپیش مشکلات، تاخیر اور حد سے زیادہ ریگولیشنز نجی شعبے کے لیے سنگین چیلنج بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ اَن لسٹڈ کمپنیوں کی کارپوریٹ گورننس کو کارپوریٹ بائی لاز اور کمپنی کے آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے ذریعے طے کیا جانا چاہیے تاکہ ریگولیٹری بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔

ان کے مطابق موجودہ ایکٹ میں بعض حدود اور رکاوٹیں ایسی ہیں جو جدید کارپوریٹ ڈھانچوں کو اپنانے میں رکاوٹ ہیں۔اجلاس میں بورڈ آف انویسٹمنٹ نے مجوزہ اصلاحات پر مبنی سفارشات پیش کیں جو آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے زیر غور لائی جائیں گی۔