سرگودھا ، گول چوک اور کچہری بازار کی ری ماڈلنگ پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس

جمعہ 25 جولائی 2025 15:51

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ منصوبے "سٹی سنٹر بیوٹیفکیشن" کے تحت گول چوک اور کچہری بازار کی ری ماڈلنگ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ فیسکو نے بجلی کی تنصیبات کو زیر زمین منتقل کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔

بریفنگ کے دوران دونوں بازاروں کی تھری ڈی ماڈلنگ بھی پیش کی گئی۔کمشنر نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ خوشاب، میانوالی اور بھکر سے بھی سٹی سنٹر بیوٹیفکیشن کے تھری ڈی ماڈلز منگوا کر بھجوائے جائیں۔ منصوبے کو اگلے مرحلے میں ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں منصوبے کے تخمینہ اخراجات، تکمیل کی مدت اور تاجروں و شہریوں کے لیے ممکنہ سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ بارشی پانی کی نکاسی کے لیے مؤثر انتظامات کو ترجیح دی جائے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، سی او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، ایس ای فیسکو ابرار احمد خان، سی او ایم سی ماجد بن احمد، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔