زرعی ٹیوب ویل کنکشنز کی شمسی توانائی پرمنتقلی کے فیز4پر کام شروع کردیاگیاہے،ترجمان کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی

جمعہ 25 جولائی 2025 17:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) زرعی ٹیوب ویل کنکشنز کی شمسی توانائی پرمنتقلی کے فیز4پر کام شروع کردیاگیاہے۔ ترجمان کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے مطابق صوبہ میں موجود اُن تمام زرعی ٹیوب ویل صارفین کے برقی کنکشنزمنقطع کررہی ہے جن کو حکومت کی جانب سے شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے رقم جاری کئے گئے ہیں۔

زرعی ٹیوب ویل کنکشنزکوشمسی توانائی پر منتقلی کے فیز 4پر کام شروع کردیاگیاہے۔اب اس منصوبہ کے فیز 4(یعنی چوتھے مرحلہ) کے تحت صوبہ کے مختلف علاقوں میں 12250زمینداروں کے زرعی کنکشنز منقطع کرنے کاکام شروع کیاگیاہے ،اس فیز میں 12250زرعی صارفین کو حکومت کی جانب سے 24.5بلین روپے رقم کی منتقلی شروع ہوچکی ہے،جس کے بعد کیسکوٹیمیں فیز 4میں شامل زرعی کنکشنز منقطع کرکے اُنکے ٹرانسفارمرز، ایچ ٹی کھمبے اوراُن سے منسلک دیگربرقی آلات ہٹائے جائیں گے تاکہ یہ زرعی کنکشنز دوبارہ کیسکونیٹ ورک سے منسلک نہ ہوسکیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے صوبہ بلوچستان کے تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنزکو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کامنصوبہ دسمبر2024 میں شروع کردیاگیاتھا جس کے پہلے،دوسرے اور تیسرے فیز پر کام مکمل کرکے اُنکے زرعی کنکشنز کیسکونیٹ ورک سے منقطع کئے جاچکے ہیں اوراب فیز 4پر کام شروع کردیاگیاہے لہٰذا کیسکونے سولرائزیشن کے فیز 4میں شامل اُن تمام زرعی صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے زرعی کنکشنز منقطع کرنے، زرعی ٹرانسفارمرز،ایچ ٹی کھمبے اوردیگر برقی آلات واپس کرنے کے عمل میں کیسکوٹیموں سے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :