وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت سرکاری محکموں کی تمام سروسز عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

جمعہ 25 جولائی 2025 17:41

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) ضلع مظفرگڑھ میں نیا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اب سرکاری محکموں کی تمام سروسز ضلع کی عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ضلعی محکموں کے افسران کے ایک اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ پنجاب بھر میں پہلی بار اور اپنی نوعیت کا واحد پراجیکٹ ہوگا جو ضلع مظفرگڑھ میں شروع کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتے میں 3 دن تمام سرکاری محکمے فیلڈ میں اپنی سروسز فراہم کریں گے،اور وہ خود بھی ان محکموں کے ساتھ فیلڈ میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت سرکاری محکموں کے تمام سروسز یونین کونسل کی سطح پر فراہم کی جائیں گی،ریونیو، صحت، زراعت، نادرا، میپکو، سوئی گیس، پولیس، لوکل گورنمنٹ ، بلدیہ ، ڈومیسائل سمیت دیگر محکموں کی سروسز فراہم کی جائیں گی، آئندہ ہفتے سے اس پراجیکٹ پر کام شروع کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

برو ز ہفتہ (آج) پورے ماہ کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ ہمارا کام ہے اور اسی کی ہم تنخواہ لیتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمہ جات اپنی اپنی سروسز کی فہرست فراہم کریں تاکہ اس پر فوری کام شروع کیا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ، سی ای او ایجو کیشن ماہ جبین سمیت ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔\378