پاکستان صحت کے شعبے میں عالمی شراکت داری کے لیے پرعزم ہے ،وزیر صحت

جمعہ 25 جولائی 2025 23:19

پاکستان صحت کے شعبے میں عالمی شراکت داری کے لیے پرعزم ہے ،وزیر صحت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)وفاقی وزیرصحت سید مصطفی ٰکمال نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبے میں عالمی شراکت داری کے لیے پرعزم ہے ،صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت موثر اقداما ت اٹھارہی ہے،پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنانے کیلیے ٹیلی میڈیسن کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والی ’’گلوبل ہیلتھ کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان صحت کے شعبے میں عالمی شراکت داری کے لیے پرعزم ہے ،دنیا بھر میں 25 لاکھ نرسز کی کمی کا سامنا ہے ،دنیا بھر میں نرسز اور پیرامیڈکس کی کمی کو پورا کرنے میں پاکستان مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے 3 دن قبل ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ( ڈریپ) کے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کیا ہے،میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن اور لائنسنسنگ کے عمل کو ڈیجیٹائز کر دیا ہے ،اس اقدام سے سالوں کا عمل 20دن میں مکمل ہو گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے ،ہم’’علاج سے بہتر احتیاط‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،ماہرین کا کہنا ہے کہ 68 فیصد بیماریاں آلودہ پانی سے پھیلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحت کے نظام کو درست کیے بغیر ملک کی معیشت کو ترقی نہیں دے سکتے ،وزیر اعظم پاکستان نے حال ہی میں آبادی میں اضافے کو ایک ایمرجنسی قرار دیا ہے ،وزیراعظم پاکستان نے آبادی میں اضافے پر قابو پانے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہیجو آئندہ پانچ سال تک کام کرے گی تاکہ اس مسئلے سے نمٹا جا سکے ،ہم اب ایک مضبوط، جدید بنیادی صحت کا نظام قائم کرنے پر کام کر رہے ہیں ،پرائمری ہیلتھ کئیر سسٹم کو مضبوط کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے ٹیلی میڈیسن کا نظام متعارف کیا جارہا ہے،دور دراز کے علاقوں میں جدید ٹیکنالوجی سے صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ،چین جیسے ممالک صحت کے شعبے میں پاکستان کے اہم شراکت دار بن سکتے ہیں۔