حز ب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ کا بہار میں ووٹر فہرستوں کی جانچ پڑتال کیخلاف احتجاج

جمعہ 25 جولائی 2025 21:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی سمیت حزب اختلاف کے کئی رہنمائوں نے ریاست بہار میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جانچ پڑٹال کے خلاف پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں احتجاج کیا۔ انہوں نے جانچ پڑتال کو پسماندہ طبقات کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کا مودی حکومت کا ایک اور اوچھا ہتھکنڈاقرار دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ”انڈیا بلاک “میں شامل کانگریس، ڈی ایم کے، سماج وادی پارٹی، ٹی ایم سی، آر جے ڈی اور بائیں بازو کی دیگر جماعتوں کے رہنمائوں نے پارلیمنٹ کارروائی کے آغاز سے قبل ایوان کے احاطے میں سخت احتجاج کیا۔انہوں نے "جمہوریت کو بچائیں" جیسے نعرے لگائے۔ کانگریس کے سربراہ ملکار جن کھرگے نے اس موقع پر کہا کہ مودی حکومت غریبوں، دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو ووٹ سے محروم کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ ملک کے آئین کو بدل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی جے پی ، آر ایس ایس معاشرے کے کمزور طبقوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے پر تلی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن جیسا آئینی ادارہ بھی اس سازش میں بی جے پی-آر ایس ایس کا ساتھ دے رہا ہے۔ کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے ایکس پر لکھا ” ہمارے آئین سازوں نے ہر بھارتی کو ووٹ کا حق دیا ہے ، غریب لوگوں سے ووٹ کا حق چھیننا جمہوریت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے، یہ قابل قبول نہیں ہے۔“ یاد رہے کہ بہار میں ریاستی اسمبلی کے کل 243حلقوں کیلئے انتخابات رواں برس اکتوبر یا نومبر میں ہونے جا رہے ہیں۔