پشاور تھانہ پشتخرہ میں آٹھویں ڈی آر سی دفتر کا افتتاح، عوام کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی جاری

جمعہ 25 جولائی 2025 22:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے تھانہ پشتخرہ میں ضلعی سطح پر آٹھویں ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) دفتر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایس پی کینٹ ڈویژن اعتزاز عارف، ڈی ایس پی پشتخرہ سرکل محمد اشفاق خان اور ایس ایچ او تھانہ پشتخرہ تحسین اللہ بھی موجود تھے۔ سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے کہا کہ پشاور کے باسیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تھانہ پشتخرہ میں ڈی آر سی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

ڈی آر سیز کی افادیت، عوامی مسائل کے بروقت حل اور پختون روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پشاور میں یہ آٹھواں ڈی آر سی دفتر قائم کیا گیا ہے۔ سی سی پی او نے کہا کہ شہریوں کو بلا معاوضہ، شفاف اور فوری انصاف کی فراہمی ڈی آر سیز کا بنیادی مقصد ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹیوں میں شامل ممبران علاقے کے معززین اور اچھی شہریت کے حامل افراد پر مشتمل ہیں جو جائیداد کے تنازعات، مالی لین دین، گھریلو مسائل اور دیگر تنازعات باہمی رضامندی سے حل کرتے ہیں۔

سی سی پی او نے مزید کہا کہ تھانہ گلبہار، گلبرگ، حیات آباد، متھرا، بڈھ بیر، حسن خیل اور حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں پہلے سے قائم ڈی آر سیز عوام کو دہلیز پر سستا اور فوری انصاف فراہم کر رہی ہیں۔ شہری ڈی آر سیز کے ذریعے انصاف پر مبنی فیصلوں سے مستفید ہو رہے ہیں، جو ان کمیٹیوں کی کامیابی اور عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ڈی آر سیز کا قیام سال 2014 میں آئی جی خیبر پختونخواہ اور صوبائی حکومت کی ہدایات پر عمل میں لایا گیا تھا اور آج یہ ادارے مقامی سطح پر تنازعات کے حل کا اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے شہریوں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے اور پولیس عوامی خدمت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :