نسٹ کے طلبہ چھٹے کیبو روبوٹ پروگرامنگ چیلنج 2025 کے فائنل راؤنڈ کے لئے منتخب

ہفتہ 26 جولائی 2025 10:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے طلبہ چھٹے کیبو روبوٹ پروگرامنگ چیلنج 2025 کے فائنل راؤنڈ میں شمولیت کے لئے منتخب ہو گئے ہیں۔ سپارکو کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپارکو ملک میں خلائی ترقی کے لیے ایک اہم معاون ادارے کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

خلائی تعلیم، آگاہی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے سپارکو تعلیمی اداروں اور نوجوان نسل کو عالمی پلیٹ فارمز تک رسائی اور خلائی شعبے میں شراکت کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے طلبہ چھٹے کیبو روبوٹ پروگرامنگ چیلنج (Kibo-RPC) 2025" کے فائنل راؤنڈ میں شمولیت کے لئے منتخب ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بین الاقوامی روبوٹکس مقابلہ جاپانی خلائی ماڈیول ’’کیبو‘‘ پر منعقد کیا جا رہا ہے جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کا حصہ ہے۔ اس مقابلے کا انعقاد جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی نے اقوام متحدہ کے آفس برائے خلائی امور کے اشتراک سے کیا ہے۔اس سال کیبو روبوٹ پروگرامنگ چیلنج ایک بین الاقوامی خلائی روبوٹکس مقابلے میں دنیا بھر کی 51 طلبہ ٹیموں نے حصہ لیا۔

سخت مقابلے کے بعد انتخاب کے عمل میں نسٹ کی ٹیم "5AM" عالمی سطح پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور دنیا کی 13 حتمی ٹیموں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ منتخب ٹیمیں فائنل راؤنڈ میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود آزادانہ پرواز کرنے والے روبوٹس کو پروگرام کرکے اصل مائیکروگریویٹی ماحول میں پیچیدہ خودکار مشنز انجام دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کیبو-آر پی سی طلبہ کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اصل مائیکروگریویٹی حالات میں جدید پروگرامنگ، روبوٹکس اور مسئلہ حل کرنے کی مہارتیں استعمال کرنے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ کسی پاکستانی یونیورسٹی کا فائنل راؤنڈ میں شامل ہونا ملک کے تعلیمی اداروں کی بین الاقوامی خلائی اقدامات میں بڑھتی ہوئی شمولیت کی عکاسی کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سپارکو منظم تعلیمی آؤٹ ریچ اور اس شعبے میں ابھرتے ہوئے ہنر مندوں کی سرپرستی کے ذریعے خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔