سابق سینئر اداکار عاصم بخاری کی صحت سے متعلق جعلی خبروں کی تردید

ْالحمدللہ صحتیاب ہو رہا،ڈاکٹرز عمدہ طریقے سے کام کر رہے ،پہلے سے کافی بہتر ہوں،ویڈیوپیغام

ہفتہ 26 جولائی 2025 11:10

ْ لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سابق سینئر اداکار عاصم بخاری نے صحت سے متعلق جعلی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ الحمدللہ صحتیاب ہو رہاہوں،ڈاکٹرز عمدہ طریقے سے کام کر رہے ہیں اور اب طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے۔رپورٹس کے مطابق عاصم بخاری سے متعلق یہ خبریں سرگرم ہوئیں تھیں کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے اور وہ لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج ہیں۔

بتایا گیا تھا کہ زائد العمری سمیت دیگر پیچیدگیوں کی وجہ سے عاصم بخاری کو پھیپھڑوں میں بھی مسائل ہیں اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔اس خبر کے پھیلتے ہی لاکھوں مداحوں اور خیر خواہوں نے فکر اور پریشانی کا اظہار کیا اور انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

(جاری ہے)

تاہم اب عاصم بخاری نے خود ایک ویڈیو پیغام میں اپنی صحت سے متعلق پرستاروں کو تسلی بخش خبر دی ہے۔

سینئر اداکار نے مختصر ویڈیو میں دل کا دورہ پڑنے سے متعلق خبروں پر بات کرتے ہوئے فینز کو بتایا کہ ان سے متعلق خبریں چل رہی ہیں کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے اور وہ امراض قلب میں زیر علاج ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں۔عاصم بخاری نے کہا کہ، وہ اس وقت علاج کے مرحلے میں ہیں اور الحمدللہ صحتیاب ہو رہے ہیں، ان کے ڈاکٹرز بہت عمدہ طریقے سے کام کر رہے ہیں اور اب ان کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ،وہ امراض قلب میں زیر علاج نہیں بلکہ اپنے ذاتی معالج کے تحت زیر علاج ہیں اور ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔

متعلقہ عنوان :