پنجاب میں مون سون کے پانچویں سپیل سے قبل حکومت کی آگاہی مہم میں تیزی،پہاڑی علاقوں میں سیاحوں اور مسافروں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے ، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل ، بہتے پانی کو عبور کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب زدہ یا پہاڑی علاقوں میں سیاحوں اور مسافروں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ مون سون کے تازہ سپیل کا آغاز 28 جولائی سے متوقع ہے۔

ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے روشنی ڈالی کہ موسمیات کی تازہ ترین پیشینگو ئی کے مطابق پنجاب کے بعض علاقوں اور مختلف شہروں میں 28 سے 31 جولائی تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صورتحال کی خود نگرانی کر رہی ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ان کی بھر پور توجہ کسی بھی ممکنہ نقصان کو کم سے کم کرنے اور عوامی تحفظ پر ہے۔

(جاری ہے)

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ حکومت عوام کو خطرات اور ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ رکھنے کے لیے بیداری مہم کو ترجیح دے رہی ہے، آگاہی مہم کا مقصد مون سون سے متعلق خطرات خاص طور پر صحت پر اثرات کے بارے میں بیداری پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی میڈیا آؤٹ لیٹس کے ساتھ معلوماتی مہم کے لیے تعاون کر رہی ہے ، یہ میڈیا مہم حفظان صحت کو برقرار رکھنے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے ، ملیریا اور ڈینگی وغیرہ کے امراض کے خلاف حفاظتی اقدامات کے استعمال کے بارے میں مشورہ دینے پر توجہ مرکوز کرے گی۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور تمام ضروری حفاظتی پروٹوکول پر عمل کریں تاکہ سیلاب زدہ اور پہاڑی علاقوں میں حادثات کے خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ انہوں نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا بھی مشورہ دیا اور سیلاب زدہ سڑکوں یا ندیوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ عوامی تحفظ اور مربوط ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقامی حکام کو موسمی حالات، خاص طور پر کمزور علاقوں میں ہونے والی کسی بھی ممکنہ صورتحال کو سنبھالنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ مزید برآں پی ڈی ایم اے کے سربراہ نے سول ڈیفنس، ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مون سون کی بارشوں سے قبل اپنے ہنگامی ردعمل کے منصوبوں کو حتمی شکل دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ ادارے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد اور بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے تیزی سے تعیناتی کے لیے تیار رہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے عوام کو یقین دلایا کہ مون سون کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورت حال کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔