ملتان کے سرکاری ہسپتالوں سے ادویات غائب، مریض رل گئے، ٹیسٹ بھی بھاری فیس دیکر کرانے پر مجبور

چلڈرن ہسپتال، سول ہسپتال، ڈی ایچ کیو، شہباز شریف جنرل ہسپتال اور نشتر ہسپتال سمیت شہر کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں بیشتر ادویات ناپید ہوگئیں، مریضوں اور لواحقین کے ضلعی انتظامیہ پر الزامات

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 جولائی 2025 15:04

ملتان کے سرکاری ہسپتالوں سے ادویات غائب، مریض رل گئے، ٹیسٹ بھی بھاری ..
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2025ء ) ملتان کے سرکاری ہسپتالوں سے ادویات غائب ہونے کی وجہ سے مریض رل گئے۔ دنیا نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور ناقص کارکردگی کے باعث ملتان کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو نا صرف ادویات مہنگے داموں باہر سے خریدنی پڑ رہی ہیں بلکہ شہری مختلف ٹیسٹ بھی نجی لیبارٹریز سے بھاری فیس دے کر کرانے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چلڈرن ہسپتال، سول ہسپتال، ڈی ایچ کیو، شہباز شریف جنرل ہسپتال اور نشتر ہسپتال سمیت شہر کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں بیشتر ادویات ناپید ہوچکی ہیں، نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں بھی مہنگے انجکشنز اور دیگر ضروری ادویات مریضوں کو خود خریدنا پڑتی ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کارڈیالوجی ہسپتال میں مفت ادویات لینے کے لیے مریضوں اور ان کے لواحقین کو لمبی قطاروں میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے مگر باری آنے پر بھی اکثر ادویات دستیاب نہیں ہوتیں، اس معاملے پر دور دراز سے علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ جب سرکاری ہسپتالوں میں بھی مفت علاج کی سہولت نہ ملے تو وہ کہاں جائیں؟ پرائیویٹ ہسپتالوں میں مہنگا علاج ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔

مریضوں اور ان کے لواحقین کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس سنگین صورتحال پر آنکھیں بند کیے ہوئے بیٹھی ہے، افسر دفاتر میں آرام کرتے اور میٹنگز میں سب اچھا ہے کی رپورٹ دیتے ہیں لیکن درحقیقت شہر کے سرکاری سپتالوں کی حالت ہر گزرتے دن کے ساتھ انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔