لاہورپولیس کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاریوں کے خلاف بھرپورکارروائیاں

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:51

لاہورپولیس کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاریوں کے خلاف بھرپورکارروائیاں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء) لاہور پولیس کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاریوں کے خلاف بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔اس حوالے سے سمارٹ آئی ایپ کے ذریعے رواں سال اب تک952 اشتہاری مجرمان اور285عدالتی مفروروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ دورانِ چیکنگ2149 افراد کے خلاف مختلف مقدمات میں کریمینل ریکارڈٹریس ہواہے۔

اس دوران ٹریول آئی سافٹ ویئر کی مددسی1کروڑ90لاکھ65ہزار764 افرادکی چیکنگ کی گئی ہے۔ ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعی10لاکھ84ہزار319افرادکو چیک کیا گیا ہے۔ سمارٹ آئی سافٹ ویئر سی27ہزار841فارنرز کاریکارڈ چیک کیا گیاہے۔ سمارٹ آئی ایپ کے ذریعے 1116ہوٹلوں،1215گیسٹ ہاؤسنز و ہوسٹلوں میں عارضی رہائش اختیار کرنے والے افراد اور192فیکٹریوں کے ملازمین کی چیکنگ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے اشتہاری مجرمان کوقانون کے شکنجے میں لایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ ہوٹل مالکان مسافروں کا ڈیٹا ’’ہوٹل آئی‘‘ ایپ میں درج کرنے کے پابند ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ٹریول آئی ایپ سے مطلوب مجرمان کی گرفتاریوں میں مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام ہوٹل، سرائے،قیام گاہیں اور نجی ریسٹ ہاوسزہوٹل آئی سافٹ وئیرکا استعمال یقینی بنائیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ناکوں پر ای پولیس پوسٹ سافٹ وئیر کے ذریعے گاڑیوں اور مسافروں کی چیکنگ کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس سافٹ ویئرز میں ڈیٹاکا اندرج نہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر بھی نظر رکھی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعما ل جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری میں معاون ثابت ہو رہا ہے، لاہور پولیس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مشکوک افراد پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے محفوظ اور پر امن معاشرے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔