Live Updates

سلمان اکرم راجہ اورحلیم عادل شیخ کا سندھ بھر میں دورہ، عمران خان کی رہائی کے حق میں عوامی جلسے

ہفتہ 26 جولائی 2025 23:02

سلمان اکرم راجہ اورحلیم عادل شیخ کا سندھ بھر میں دورہ، عمران خان کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے ہمراہ کراچی کے بعد سندھ کے مختلف شہروں کا دورہ کیا۔ اس دوران حیدرآباد، جھڈو اور عمرکوٹ میں پارٹی کارکنوں کے ورکرز کنونشنز اور جلسوں میں شرکت کی گئی۔ عوام کی جانب سے ان رہنماؤں کا شاندار استقبال کیا گیا اور مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ زور و شور سے سامنے آیا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل بیریسٹر سلمان اکرم راجہ، صوبائی صدر حلیم عادل شیخ، عمران خان کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر امجد نیازی، پارٹی رہنما شائستہ کھوسو، جنرل سیکریٹری سندھ ڈاکٹر مسرور سیال، وومن ونگ سندھ کی صدر سرینہ خان، حیدرآباد ڈویژن کے صدر ایڈووکیٹ فیصل مغل، مولا بخش سومرو اور عائشہ رشید سمیت دیگر صوبائی قیادت میرپورخاص کے قریب جھڈو پہنچی، جہاں پارٹی رہنما پہلاج کولہی اور میرپورخاص ڈویژن کے صدر آفتاب قریشی و راجا عبدالحق کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

جھڈو میں منعقدہ اس جلسے میں اقلیتی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر قائدین اور کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ عمرکوٹ میں بھی پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی لالچند مالہی کی جانب سے ورکرز کنونشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت نے شرکت کی۔اس سے قبل حیدرآباد بائی پاس پر پی ٹی آئی حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری محسن گھمن کی جانب سے رات گئے ورکرز کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عوامی جوش و خروش کے باعث یہ کنونشن جلسے کی صورت اختیار کر گیا۔مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سندھ کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پر طویل عرصے سے وڈیروں اور ظالم عناصر کا قبضہ ہے، اور اب وقت آگیا ہے کہ سندھ کی عوام متحد ہو کر ان سے نجات حاصل کرے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر ہزاروں ایکڑ زمینوں کی بندر بانٹ کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ اگر سندھ کی زمینوں پر قبضہ ہوتا ہے تو سب سے زیادہ نقصان خود سندھ کے عوام کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان زمینوں پر پہلا حق سندھ کے مقامی لوگوں کا ہے، اور یہ زمینیں انہی کو ملنی چاہئیں۔بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر تحریک جاری ہے، جو پانچ اگست کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم اور ملک کے مستقبل کے لیے جیل کی سختیاں برداشت کر رہے ہیں۔ اگر وہ چاہتے تو کسی مفاہمت کے ذریعے رہائی حاصل کر سکتے تھے، مگر انہوں نے حقیقی آزادی اور عوامی خودمختاری کے لیے جدوجہد کا راستہ چنا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بننے کے بعد آج تک سندھ کے عوام کو ان کا جائز حق نہیں ملا۔ عمران خان عوام کے بنیادی حقوق کی جنگ اسی لیے لڑ رہے ہیں تاکہ ہر پاکستانی کو مساوی حقوق میسر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پانچ اگست کو ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے، جس میں عوام کو سچ، آئین اور حق کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ ہمیں اپنے حقوق کے لیے پرامن طور پر میدان میں آنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے پانی، زمینوں اور دیگر مسائل پر پی ٹی آئی سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ چاہے وہ ہاری ہوں، مزدور ہوں یا مظلوم شہری، پارٹی ہر مظلوم کے ساتھ ہے۔

بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں آئین و قانون کے بجائے طاقت کی حکمرانی ہے، مگر ظلم و جبر کے اس نظام کے خلاف پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری کو برابری کا حق حاصل ہے اور پی ٹی آئی عوام کو ان کے آئینی حقوق دلانے کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گولی کے راج کو ختم کرنے اور آئین کی بالادستی قائم کرنے کے لیے جدوجہد جاری ہے، اور عوام کے ساتھ مل کر ہم یہ فسطائیت، ظلم اور جبر کا خاتمہ کریں گے۔

ان شااللہ وہ وقت دور نہیں جب یہ اندھیری رات ختم ہوگی، اور پاکستان میں انصاف، قانون اور مساوات کا سورج طلوع ہوگا۔پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں سب سے زیادہ ظلم ہاریوں، مزدوروں اور غریب عوام پر ہوا ہے۔ غریب مزید غریب ہوتا جا رہا ہے جبکہ امیر طبقہ مزید طاقتور ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے سندھ کے عوام کے حقوق غصب کیے ہیں اور صوبے کے کئی شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اب بیدار ہو چکے ہیں اور عمران خان کی رہائی کے لیے سڑکوں پر نکلنے کو تیار ہیں۔ عوام نے تبدیلی کا نعرہ لگا دیا ہے، اور سترہ سال سے جاری پیپلز پارٹی کی حکومت سے سخت نالاں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ میں اب مزید کرپشن اور بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس شہر میں بھی پی ٹی آئی کی قیادت جاتی ہے، عوام کھل کر پیپلز پارٹی سے بیزاری کا اظہار کرتے ہیں اور عمران خان سے اپنی وابستگی ظاہر کرتے ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ آئندہ حکومت سندھ میں پی ٹی آئی کی ہوگی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو کمزور کیا گیا جبکہ ملک بھر میں آئین و قانون کی بالادستی ختم ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی بالادستی کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا۔ سندھ کے عوام اب تیار ہیں اور پانچ اگست کو عمران خان کی رہائی کے لیے ایک تاریخی احتجاج میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات