سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا حافظ آباد میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ

سیلاب زدگان سے فرداً فرداً ملاقات کی ،انکے مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:58

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا حافظ آباد میں بارشوں سے متاثرہ ..
حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے حافظ آباد میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سیلاب زدگان سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انکے مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری۔انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے سینکڑوں سیلاب متاثرین میں ایک ماہ کا راشن بھی تقسیم کیاوزیر اعلیٰ کی کوارڈنیٹر،ایم این اے سائرہ افضل تارڑ،کمشنر گوجرانوالہ ڈوثرن سید نوید حیدر شیرازی،ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق،اراکین صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین بھٹی،عون انتصار بھٹی بھی انکے ساتھ تھے۔

سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مجھے متاثرین کی خیریت دریافت کرنے اور مسائل کے حل کا جائزہ لینے کے لیے بھیجا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی نے شفاف انداز میں زرتلافی کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر حکومت پنجاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی انکے نقصانات کا ہر ممکن ازالہ کیا جائیگا۔

سینئر صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال،ریسکیو 1122، لائیواسٹاک، میڈیکل،میونسپل کمیٹیوں کے کیمپوں کا دورہ بھی کیا اور انہیں الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے سینئر صوبائی وزیر کو بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے حفاظتی وامدادی ریلیف کے کاموں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقعہ پر متاثرین نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتطامیہ کی جانب سے کیے جانے والے ریلیف کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں سینئر صوبائی وزیر کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے تمام ضلعی محکموں کی مجموعی کارکردگی،عوامی ریلیف،وزیر اعلیٰ کے پبلک انشیٹیو بارشوں سے ہونے والے نقصانات،بحالی اور ریلیف کے کاموں بارے بریفنگ کیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں کی ڈرینج کپیسٹی بڑھانے کے لیے مکمل میپنگ اور ٹائم لائن پر عمل در آمد کی ہدایت کی۔اس موقع پر انکاکہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی، ڈرینج اور دیگر تمام محکمے مل کر سیم نالوں کی صفائی کے حوالے سے جلد فیزیبیلٹی رپورٹ تیار کریں۔ انکاکہنا تھا کہ حافظ آباد کو پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے اور اگلے مون سون سے قبل تمام ترقیاتی و حفاظتی کام مکمل کر لیے جائینگے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد کو متاثرین کی بھر پور امداد اور انکی بحالی کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے علاقوں، متاثرین کو ریسکیو کرنے،انکی امداد اور دیگر حفاظتی انتظامات بارے تفصیلا ً آگاہ کیا۔