Live Updates

سندھ پیپلز ہاوسنگ اسکیم کے تحت 21 لاکھ خاندانوں کو مفت مکانات فراہم کئے جا رہے ہیں، صوبائی وزیرشرجیل انعام میمن

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:50

سندھ پیپلز ہاوسنگ اسکیم  کے تحت 21 لاکھ خاندانوں کو مفت مکانات فراہم ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) سینئر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ پیپلز ہا ئوسنگ اسکیم کے تحت 21 لاکھ خاندانوں کو مفت مکانات فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو راہوکی میں سندھ پیپلز ہاوسنگ اسکیم کے تحت سیلاب متاثرین کو تعمیر شدہ گھروں کے مالکانہ حقوق دینے کی ایک بڑی اور پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خ خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ تقریب معمولی نوعیت کی نہیں بلکہ ایک تاریخی پیغام ہے جو دنیا بھر کو دیا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی علامت ہے، سندھ پیپلز ہا ئوسنگ اسکیم کے تحت 21 لاکھ خاندانوں کو مفت مکانات فراہم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس وژن کا نتیجہ ہے جو انہوں نے 2022 کی شدید بارشوں اور سیلاب کے دوران متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد پیش کیا تھا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ جہاں جہاں تباہی ہوئی ہے وہاں کے لوگوں کے لیے فوری طور پر پکے گھروں کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں سب سے خاص بات یہ ہے کہ گھروں کے مالکانہ حقوق متاثرہ خاندانوں کی سربراہ خواتین کے نام پر دیے جا رہے ہیں تاکہ نہ صرف خواتین کو بااختیار بنایا جائے بلکہ خاندانوں میں استحکام بھی آئے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جن خواتین کو اسناد دی گئی ہیں ان کے گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے تھے اور وہ کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور تھیں، پیپلز پارٹی حکومت نے ان کے لیے مفت مکانات تعمیر کیے اور بینک اکاونٹس کے ذریعے مالی مدد بھی کی۔شرجیل انعام میمن نے خطاب کے دوران صحت، بجلی اور معاشی بہبود سے متعلق حکومت سندھ کے دیگر اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں میں سولر سسٹمز نصب کئے جا رہے ہیں تاکہ انہیں بجلی کے مسائل سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ غریب عوام کو نہ صرف مفت بجلی فراہم کی جائے بلکہ انہیں باوقار زندگی گزارنے کے مواقع دیئے جائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد معاش کے نام سے ایک نیا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا، جو روزگار اور معاشی خودمختاری کے لیے ہوگا۔

شرجیل انعام میمن نے صدر آصف علی زرداری کی 70 ویں سالگرہ پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری وہ واحد منتخب صدر تھے جنہوں نے اپنی مدت مکمل کی اور اپنی تمام آئینی طاقت پارلیمنٹ کو واپس کر دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی فراہمی بلاول بھٹو کی سوچ تھی، جسے عملی شکل دے کر سندھ حکومت نے عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے چیئرمین بلاول کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایت پر متاثرین کو نہ صرف گھر دیے گئے بلکہ ان کے مکمل قانونی مالکانہ حقوق بھی فراہم کیے گئے۔کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور بتایا کہ حیدرآباد ڈویژن میں پیپلز ہا ئوسنگ اسکیم کے تحت 45 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے 99 فیصد مکانات مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان گھروں کو جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے تاکہ بارش اور سیلاب جیسی قدرتی آفات کا ان پر کوئی اثر نہ ہو۔ تقریب میں ایم پی اے قاسم سراج سومرو سمیت دیگر معززین نے شرکت کی ۔ بعد ازاں غریب خواتین میں مالکانہ حقوق کی اسناد بھی تقسیم کیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات