Live Updates

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب، جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی

28 سے 31 جولائی کے دوران دریائے چناب اور جہلم میں پانی کے غیرمعمولی اضافے کا خدشہ ہے، عوام ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 جولائی 2025 20:00

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب، جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2025ء) پی ڈی ایم اے پنجاب کی دریائے چناب اور جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ دریائے چناب اور جہلم میں نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ 28 سے 31 جولائی کے دوران دریائے چناب اور جہلم میں پانی کے غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو الرٹ جاری کیا۔

گجرات، جہلم، منڈی بہاوالدین، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، خانیوال، ملتان، کوٹ ادو، مظفرگڑھ، سیالکوٹ، گجرانوالہ، حافظ آباد اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ جاری کیا گیا۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال بارے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی۔

(جاری ہے)

  ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔

عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک،  پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

حکومت پنجاب آپکا اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔ 
مزید برآں پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا پانچواں اسپیل کل ( پیر) 28 جولائی سے شروع ہوگا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 28 سے 31 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ میں بارش کی توقع ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کیمطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب ،چنیوٹ، فیصل آباد، اوراوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے، 29 سے 31 جولائی تک ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بھکر میں بارش کا امکان ہے، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور میں بارش کی توقع ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال مون سون بارشوں کی شدت زیادہ ہے، گزشتہ سال کی نسبت اس سال 73 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ ہوئیں، موسمی صورتحال کے پیش نظرتمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیرپرعمل کریں، شدید بارشوں کے باعث مری وگلیات میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات