چانسلر/گورنر سندھ سے وائس چانسلرزکی ملاقات،معرکہ حق، جشنِ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے تبادلہ خیال

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) چانسلر/گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے صوبے کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرزنے گورنر ہائوس میں ملاقات کی، جس میں "معرکہ حق، جشنِ آزادی" کے تحت منعقد ہونے والی تقریبات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ جامعات میں یومِ آزادی کی تقریبات جوش و جذبے، وقار اور قومی یکجہتی کے ساتھ منائی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ "معرکہ حق، جشنِ آزادی" محض ایک عنوان نہیں بلکہ طلبہ و طالبات کو نظریاتی شعور، حب الوطنی اور اتحاد کے پیغام سے جوڑنے کا موقع ہے۔ گورنر سندھ نے وائس چانسلرز پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو مایوسی سے نکال کر مثبت سوچ اور فعال کردار کی جانب راغب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملک کی فکری بنیادیں ہیں، یہاں سے شعور، تعمیر اور ترقی کا سفر شروع ہوتا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلرز نے "معرکہ حق، جشنِ آزادی" کی تقریبات میں گورنر سندھ کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔

متعلقہ عنوان :