یوم آزادی پر آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کی عظیم فتح کا جشن بھی منایا جائے گا،ڈپٹی کمشنرملتان

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جشن آزادی بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں یوم آزادی پر آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کی عظیم فتح کا جشن بھی منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے مزید کہا کہ یوم آزادی کی تقاریب میں پاک افواج کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا جائے گا جبکہ تمام محکمے شہر کی سجاوٹ اور تقاریب کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مرکزی بازاروں،عمارات کو سجاکر بھرپور بریڈنگ کی جائے گی۔جشن آزادی میراتھن دوڑ،موٹر سائیکل ریلی اور میوزیکل پروگرام بھی منعقد ہوگا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے ہیروز کی فیملیز مہمان خصوصی ہونگی۔