مریضوں کے علاج و معالجہ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی‘ خواجہ سلمان رفیق

ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں سے طبی سہولیات بارے فیڈ بیک لیا جا رہا ہے‘ وزیر صحت گوجرانوالہ میں ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ

اتوار 27 جولائی 2025 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)لاہور 27 جولائی:-صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانولہ کا اچانک دورہ کیا -صوبائی وزیر نے ایمرجنسی و دیگر مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔اس موقع پر ایم ایس بھی موجود تھے۔ایم ایس نے صوبائی وزیر کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں سے طبی سہولیات بارے فیڈ بیک لیا جا رہا ہے۔ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کا بہترین علاج و معالجہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں نئے ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔