سلاؤ و لندن میں اوورسیز کشمیریوں کی مسلم کانفرنس سے وابستگی پر اعتماد کا اظہار

چیئرمین مسلم کانفرنس یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان کی برطانیہ میں سرگرمیاں، اہم شخصیات سے ملاقاتیں اور نوجوانوں سے تفصیلی نشست

اتوار 27 جولائی 2025 13:30

سلاؤ/لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے چیئرمین سردار عثمان علی خان برطانیہ کے دس روزہ تنظیمی دورے کے دوران مختلف شہروں میں مقیم کشمیری کمیونٹی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ان کی سلاؤ اور لندن میں اہم سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں، ایک طویل عرصے کے بعد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگرکرنے والی شخصیت، کشمیر سنٹر برسلز کی بنیاد رکھنے والے او روحِ رواں، ممتاز قانون دان نہائت محترم بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ، ڈپٹی میئر سلاؤ کونسلر عاصم نوید رانجھا، ممتاز بزنس مین اور نیلابٹ کی معروف شخصیت انتخاب عباسی سرفہرست ہیں۔

سلاؤ میں سابق ڈپٹی میئر کونسلر عاصم نوید رانجھا سے ہونے والی ملاقات میں اوورسیز کشمیریوں کے کردار، برطانیہ میں مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کی تنظیم نو، نوجوانوں کو سیاسی دھارے میں شامل کرنے اور تحریکِ آزادی کشمیر میں اوورسیز نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

سردار عثمان علی خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس نہ صرف ریاست جموں و کشمیر کی مادر جماعت ہے بلکہ اس کا یوتھ ونگ مستقبل کی قیادت کو تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر کونسلر عاصم نوید رانجھا نے سردار عثمان علی خان کی یوتھ قیادت میں متحرک کردار کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دوسری جانب لندن میں ممتاز بزنس مین اور کمیونٹی رہنما انتخاب عباسی کی جانب سے سردار عثمان علی خان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا، جس میں کشمیری نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عشائیہ میں نوجوانوں کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام بھی کیا گیا، جہاں چیئرمین یوتھ ونگ نے تحریکِ آزادی کشمیر، اوورسیز کشمیریوں کی سیاسی و سماجی ذمے داریوں، اور نوجوان قیادت کی ضرورت پر جامع گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان کو صرف تقریری سطح پر نہیں، بلکہ فکری، نظریاتی اور تنظیمی طور پر تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری نوجوان ہمارے سفیر ہیں، اور ان کا ہر عمل کشمیر کے امیج کو دنیا بھر میں متاثر کرتا ہے۔انتخاب عباسی نے سردار عثمان علی خان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے، اور وہ کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے۔ وہ اوورسیز میں نوجوانوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔سردار عثمان علی خان کا یہ دورہ برطانیہ نہ صرف یوتھ ونگ کی تنظیمی فعالیت کو اجاگر کر رہا ہے بلکہ بیرون ملک مقیم کشمیری نوجوانوں کو ایک نظریاتی پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔