اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضہ جات کی فراہمی کا حجم بڑھا دیا گیا

مجموعی طور پر 60000 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرضہ جات فراہم کیے جا چکے ہیں‘ نور الامین مینگل 2028 تک 5 لاکھ خاندانوں کو قرضہ جات فراہم کیے جائیں گے،سیکرٹری ہائوسنگ کی زیر صدارت اجلاس

اتوار 27 جولائی 2025 19:00

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضہ جات کی فراہمی کا حجم بڑھا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح کے ویژن کے تحت ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔ حکومت پنجاب نے بلاسود قرضہ جات کی فراہمی کا دائرہ مزید بڑھا دیا ہے تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر میں عملی مدد فراہم کی جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اس حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی پھاٹاسکندر ذیشان نے پروگرام کی اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے بتایا کہ اب تک صوبہ بھر میں 60,000 سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرضہ جات فراہم کیے جا چکے ہیں۔ پروگرام کے تحت اب تک 15 لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو عوام کے اعتماد اور دلچسپی کا واضح اظہار ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 2028 تک 5 لاکھ خاندانوں کو قرضہ جات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔نورالامین مینگل نے کہا کہ سال 2024-25 میں قرضہ جات کی فراہمی کا ہدف 47,000 خاندان تھا، لیکن ہدف سے آگے بڑھتے ہوئے 51,000 سے زائد خاندانوں کو قرضے فراہم کیے گئے، یعنی 4000 خاندان اضافی اس سہولت سے مستفید ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قرضہ جات کی فراہمی بلا تفریق جاری ہے تاکہ ہر مستحق شہری کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد ملے۔ ''ہم نے کئی نئے مکانات کا دورہ کیا، جہاں گھروں کے مالکان کے چہروں پر خوشی اور اطمینان نمایاں تھا،'' انہوں نے کہا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے عوام کے مثبت ردعمل کو پروگرام کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ حکومت مستقبل میں بھی اس فلاحی منصوبے کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے تاکہ 2028 تک 5 لاکھ خاندانوں کو اس سہولت سے مستفید کیا جا سکے۔