چینی کی قیمتوں کے معاہدہ پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس (آج)طلب

چینی کا بحران بر قرار،اوپن مارکیٹ میں 200 روپے کلو سے زائد میں فروخت جاری شوگر ملوں نے چینی کی خریداری کیلئے شوگر ڈیلرز کیلئے نئی شرط عائد کر دی ،بحران شدید ہونے کا خدشہ

اتوار 27 جولائی 2025 19:50

چینی کی قیمتوں کے معاہدہ پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس (آج)طلب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن میں چینی کی قیمتوں کے حوالے سے ہونے والے معاہدہ پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس آج(پیر) کے روز طلب کرلیا گیا ۔اجلاس وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہو گا،اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز، چیئرمین ایف بی آر،چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن سمیت دیگر شریک ہوں گے ۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور چاروں صوبوں کے کین کمشنرز بھی شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شرکا ء وڈیو لنک کے ذریعے بھی شریک ہوسکتے ہیں۔دریں اثنا گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں چینی کی قلت رہی اور چینی اوپن مارکیٹ میں 200 روپے کلو سے زائد میں فروخت ہوئی ۔ذرائع کے مطابق شوگر ملوں نے چینی کی خریداری کیلئے شوگر ڈیلرز کیلئے نئی شرط عائد کر دی ہے۔شوگر ملوں نے چینی کی خریداری کیلئے ڈیلرز کے لئے جی ایس ٹی سرٹیفکیٹ کی شرط رکھ دی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ شوگر ڈیلرز اور ہول سیلرز کی بڑی تعداد سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ نہیں ۔جی ایس ٹی سرٹیفکیٹ کی شرط سے مارکیٹ میں چینی کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔