Live Updates

راولپنڈی میں لڑکی کے غیرت کے نام پر قتل کا معاملہ، گرفتار گورکن کے سنسنی خیز انکشافات

لڑکی کو قتل کرنے کے بعد 17جولائی صبح ساڑھے 5 بجے دفن کیا گیا، قبرستان کمیٹی کے ممبر گل بادشاہ نے فون پر ایک گھنٹے میں قبر تیار کرنے کی ہدایت کی، بیان

اتوار 27 جولائی 2025 19:50

راولپنڈی میں لڑکی کے غیرت کے نام پر قتل کا معاملہ، گرفتار گورکن کے سنسنی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)پیرودہائی کے علاقہ میں 18سالہ حافظ قرآن خاتون کو جرگے کے فیصلہ پر غیرت کے نام پر قتل کرنے کے کیس میں گرفتار گورکن کا پولیس کو دیا گیا بیان سامنے آگیا۔چھتی قبرستان کے گرفتار گورکن نے پولیس کو بتایا ہے کہ لڑکی کو قتل کرنے کے بعد 17جولائی صبح ساڑھے 5 بجے دفن کیا گیا، قبرستان کمیٹی کے ممبر گل بادشاہ نے فون پر ایک گھنٹے میں قبر تیار کرنے کی ہدایت کی۔

گرفتار گورکن کے مطابق شدید بارش اور صبح سویرے مزدوروں کے عدم دستیابی کے باعث قبر تیارنہ ہونے کا جواب دیا، پونے 6 بجے گل بادشاہ 25 افراد کے ساتھ قبرستان آیا جنہوں نے میرے ساتھ قبر کھود کر تیار کی۔گورکن کے مطابق مقتولہ کی لاش لوڈر رکشے پر لائی گئی جس پر سرخ رنگ کی ترپال پڑی ہوئی تھی جبکہ قبر تیار ہونے تک رکشہ قبرستان میں ہی کھڑا رہا اور قبر تیار ہونے پر تمام افراد نے لڑکی کی تدفین کی۔

(جاری ہے)

گرفتار گورکن کے مطابق تمام افراد نے قبر کو ہموار کیا اور قبر کا نشان تک ختم کر دیا، گورکن کے مطابق اس نے قبر کی رسید نمبر 78 ممبر قبرستان گل بادشاہ کے بیٹے کو دی، جس پر گل بادشاہ نے لڑکی کا نام سدرہ دختر عرب گل تحریر کرایا۔گورکن نے پولیس کو بتایا کہ 18جولائی کو سیکرٹری قبرستان کمیٹی سیف الرحمن میرے پاس آیا اور رسید بک لے گیا، تھوڑی دیر بعد رسید بک واپس کی گئی جس میں 78 نمبر رسید کا ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :