چینی کی خریداری کیحوالے سے شوگر ڈیلرز کیلئے نئی شرط عائد

شوگر ملز مالکان نے چینی کی خریداری کیلئے ڈیلرز کے سامنے جی ایس ٹی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی شرط رکھ دی

اتوار 27 جولائی 2025 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)شوگر ملز نے چینی کی خریداری کیحوالے سے شوگر ڈیلرز کیلئے نئی شرط عائد کر دی۔ذرائع کے مطابق شوگر ملز مالکان نے چینی کی خریداری کیلئے ڈیلرز کے سامنے جی ایس ٹی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی شرط رکھ دی تاہم شوگر ڈیلرز اور ہول سیلرز کی بڑی تعداد سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے محروم ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جی ایس ٹی سرٹیفکیٹ کی شرط کی وجہ سے مارکیٹ میں چینی کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی۔

(جاری ہے)

ادھر چینی کی تھوک منڈی سے چینی غائب ہوگئی ہے جس کے بعد چینی کا نیا بحران سر اٹھانے لگا۔ اوپن مارکیٹ میں چینی 200 روپیفی کلو سے زائد میں فروخت ہورہی ہے۔دوسری جانب چینی کے ممکنہ بحران پر قابو پانے کے حوالے سے حکومت اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا اجلاس (آج) پیر کو اسلام آباد میں ہوگا۔وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چینی کی قیمتوں پر کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز ، چیئرمین ایف بی آر ، چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن ،ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سمیت دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔