پولیس کی مبینہ سرپرستی میں قبضہ مافیا سرگرم ، نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کے پلاٹ پر قبضے کی کوشش

پتھرائو اور تشدد کے خلاف متاثرین کا احتجاج اور پریس کانفرنس، ایس ایچ او نسیم نگر قاسم آباد کو ہٹانے کا مطالبہ

اتوار 27 جولائی 2025 22:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)حیدرآباد پولیس کی مبینہ سرپرستی میں قبضہ مافیا سرگرم ہو گئی، نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کے پلاٹ پر قبضے کی کوشش، گھر پر حملے، پتھرائو اور تشدد کے خلاف متاثرین کا احتجاج اور پریس کانفرنس، ایس ایچ او نسیم نگر قاسم آباد کو ہٹانے کا مطالبہ۔نجی ٹی وی کے کیمرہ مین ذوالفقار جسکانی نے حیدرآباد پریس کلب میں ذوالفقار جمالی اور اہل خانہ کے ساتھ پریس کانفرنس کی، ذوالفقار جسکانی نے بتایا کہ میں نے 2015 میں سندھ کے گاں آباد اسکیم کے تحت پلاٹ خریدا تھا، جس کے سامنے میرے معاون ذوالفقار جمالی کا گھر ہے جہاں وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتے ہیں، حالیہ دنوں میں کندھ کوٹ اور کشمور کے جرائم پیشہ افراد اور قبضہ مافیا نے ہمارے گاں آ کر لوگوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے، گاوں میں ہتھیاروں کی نمائش معمول بن چکی ہے اور جب بھی میں اپنے پلاٹ پر جاتا ہوں مختلف گھروں میں چھپے ہوئے مسلح افراد باہر آ کر ہتھیاروں کی نمائش کرتے ہیں اور ہمیں دھمکاتے ہیں تاکہ ہم اپنے پلاٹ اور گھروں کو چھوڑ کر یہاں سے چلے جائیں اور یہ قبضہ کر لیں، ذوالفقار جسکانی نے الزام لگایا کہ حال ہی میں کندھ کوٹ اور کشمور سے آئے غلام مصطفی بھنگر جو خود کو رند کہتا ہے نے اپنے ساتھی حاجی حسین عرف سائیں بخش ڈومکی اور غلام عباس راہوجو کے ہمراہ 25 سے 30 افراد کے ساتھ میرے گھر پر حملہ اور پتھرا کیا، اور گھر میں داخل ہو کر میری بیوی کو مارا پیٹا اور اس کے کپڑے پھاڑ دیئے، میں نے جب 15 پولیس کو مدد کے لیے کال کی تو نسیم نگر تھانے کے کچھ افسران ڈیڑھ گھنٹے بعد پہنچے، اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے مجھے ہی تھانے لے جانے لگے، بعد ازاں ملزمان تھانے بھی نہیں پہنچے، اور پولیس نے ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے بھی انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

ذوالفقار جسکانی نے الزام لگایا کہ نسیم نگر تھانے کے ایس ایچ او عبدالمالک ابڑو کی سرپرستی میں یہ قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد سرگرم ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ پلاٹ کا معاملہ پہلے عدالت میں جا چکا ہے، جہاں عدالت نے ان افراد کو جھوٹا قرار دیا اور ہمارے کاغذوں کو سچا قرار دیتے ہوئے ہماری ملکیت کو درست تسلیم کیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کے خلاف قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے اور قبضہ مافیا کی سرپرستی کرنے والے ایس ایچ او عبدالمالک ابڑو کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔