اسلام آباد سے چینی غائب، عوام بازاروں کے چکر لگا کر پریشان

پرائس مجسٹریٹ کی گرفتاریوں سے تنگ آ چکے اب چینی نہیں رکھیں گے، دکانداروں کا مؤقف

پیر 28 جولائی 2025 11:47

اسلام آباد سے چینی غائب، عوام بازاروں کے چکر لگا کر پریشان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)اسلام آباد کی مارکیٹوں میں شہریوں کو چینی نہیں مل رہی جس کے باعث شہری چینی کی تلاش میں بازاروں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔اسلام آباد میں دکانداروں کا کہنا ہے کہ چینی کا سرکاری ریٹ 172 روپے فی کلو ہے، منڈی سے چینی 178 سے 188 روپے مل رہی ہے، پرائس مجسٹریٹ کی گرفتاریوں سے تنگ آ چکے اب چینی نہیں رکھیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹوں میں چینی نہ ہونے پر لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے اور عوام کا کہنا ہے کہ جو ملک چینی کی پیداوار میں خودمختار ہو وہیں چینی نا ملے تو پھر دیگر چیزوں کا کیا کہیں چینی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ شوگر ملز نے حکومت سے 165 روپے ایکس مل پرائس کا معاہدہ کرکے چینی کی فراہمی روک دی ہے، چینی اسٹاک ختم ہونے لگا ہے تاہم شوگر ملز نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

اس کے علاوہ مارکیٹ سے چینی غائب ہونے اور چینی ایکسپورٹرز و ڈیلرز کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کے بعد حکومت نے چینی کا نیا بحران ٹالنے کے لیے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا اجلاس آج بلوا لیا ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر کی زیر صدارت اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا کہ عوام کو سستی چینی فراہم کرنے کے معاہدے پر عمل درآمد کیسے کرایا جائے۔