پتا نہیں تم اتنی منفی سوچ کیوں رکھتے ہو؟ صدر ٹرمپ اسرائیلی وزیراعظم پر برس پڑے

ممکنہ جنگ بندی سے متعلق امن منصوبے پر حماس کے ردعمل کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان تلخ گفتگو ہوئی؛ اسرائیلی و امریکی میڈیا کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 اکتوبر 2025 20:38

پتا نہیں تم اتنی منفی سوچ کیوں رکھتے ہو؟ صدر ٹرمپ اسرائیلی وزیراعظم ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اکتوبر2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں جنگ بندی کے معاملے پر سرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے برس پڑے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق غزہ میں ممکنہ جنگ بندی سے متعلق امن منصوبے پر حماس کے ردعمل کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان تلخ گفتگو ہوئی، اس دوران ٹرمپ نے نیتن یاہو کو سخت الفاظ میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’پتا نہیں تم ہمیشہ اتنے منفی کیوں ہوتے ہو؟ یہ ایک کامیابی ہے، اسے قبول کرو‘۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ فون کال جمعہ کے روز اس وقت ہوئی جب حماس نے امریکہ کے پیش کردہ جنگ بندی منصوبے پر اپنا جوابی مؤقف دیا، جس میں حماس نے منصوبے کے کچھ نکات کا خیرمقدم کیا اور بعض نکات پر مزید مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا، تاہم نیتن یاہو نے حماس کے ردعمل کو جشن منانے کے قابل نہیں قرار دیا، جس پر صدر ٹرمپ نے ناراضگی کا اظہار کیا، امریکی صدر نے کہا کہ ’مجھے خوشگوار حیرت ہوئی کیوں کہ یہ ایک بڑی پیش رفت ہے لیکن میں یہ سمجھ نہیں پاتا کہ تم ہر بار ہر معاملے کو منفی زاویے سے کیوں دیکھتے ہو؟‘۔

(جاری ہے)

امریکی اہلکار کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ’صدر ٹرمپ کو لگتا تھا شاید حماس امن منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کر دے گی لیکن جب حماس نے کچھ نکات کی حمایت اور کچھ پر تحفظات کا اظہار کیا تو وہ خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوئے، اسی لیے اسرائیلی وزیراعظم کی بات سن کر گفتگو میں تلخی ہوئی لیکن بالآخر دونوں رہنماؤں میں کچھ حد تک اتفاق ہوا کیوں کہ صدر ٹرمپ خطے میں امن چاہتے ہیں اور یہی ان کی اولین ترجیح ہے‘۔