پولیس سے مشابہت رکھنے والے پی کیو آر اہلکار پولیس کے لیے درد سر بن گئے ،آئی جی سندھ کا سندھ بھر میں پی کیو آر آپریشن فوری طور پر بند کرنے کا حکم

پیر 28 جولائی 2025 13:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)پولیس سے مشابہت رکھنے والے پی کیو آر اہلکار پولیس کے لیے درد سر بن گئے ہیں، جن کی جانب سے غیر مجاز سرگرمیوں کے تسلسل کے بعد آئی جی سندھ نے ایک اہم حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ سندھ بھر میں پی کیو آر آپریشن فوری طور پر بند کر دیا جائے، انھوں نے تمام رینج زون کے اعلی حکام کو احکامات پر فوری عمل کرنے کا حکم بھی دیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی کیو آر (پولیس قومی رضاکار)کا کوئی کمانڈر یا اہلکار متعلقہ علاقوں میں سرگرم نہ رہے، اور آپریشنز تعیناتیاں اور انتظامی سرگرمیاں فوری بند کی جائیں۔آئی جی سندھ نے خبردار کیا ہے کہ پی کیو آر کے تحت کام کرنے والا اہلکار سخت تادیبی کارروائی کا ذمہ دار ہوگا، تمام فیلڈ کمانڈرز متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے رابطہ کر کے پی کیو آر کی این او سی منسوخ کروائیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا ہم پی کیو آر سرگرمیوں کے غیر مجاز تسلسل کو شدید تشویش سے دیکھتے ہیں، اس لیے کسی بھی خلاف ورزی پر قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے گی، اور اس حکم پر سختی سے عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔پولیس حکام کے مطابق چند ماہ کے دوران متعدد پی کیو آر اہلکار غیر قانونی سرگرمیوں پر گرفتار ہو چکے ہیں، یہ اہلکار شارٹ ٹرم اغوا سمیت دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، متعدد اہلکار زمان ٹان، شارع نور جہاں اور ساتھ پولیس کے ہاتھوں پکڑے جا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :