جشن آزادی کے شایان شان انعقاد کیلئے تیاریاں شروع،یکم اگست سے سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا

پیر 28 جولائی 2025 16:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) جشن آزادی کے شایان شان انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جبکہ یکم اگست سے سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا،نیزحصول آزادی سے تحفظ آزادی تک،جشن آزادی اور معرکہ حق کے نام سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یکم اگست سے 14 اگست تک جشن آزادی و معرکہ حق شایان شان طریقے سے منانے کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزنے ضلعی محکموں کے سربراہان،انجمن تاجران،میڈیانمائندگان،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن اور سول سوسائٹی سے میٹنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ یکم اگست سے سرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا جائے گا،پاکستانی جھنڈوں سے گلیوں، بازاروں کو سجایا جائے گااورسرکاری سطح پر سکولوں اور کالجوں میں ملی نغموں کے مقابلہ جات منعقد ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کھیلوں کے مقابلہ جات بھی منعقد ہونگے اورآتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہو گاجس میں مقامی گلوکار بھی لائیو کنسرٹ میں پرفارم کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ سکولوں اور کالجوں میں بھی ملی نغموں کے مقابلہ جات منعقد ہونگے۔دوسری جانب انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی جانب سے جشن آزادی اور معرکہ حق کو بھر پور انداز میں منانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔