یورپی یونین اور امریکہ کے تجارتی معاہدے کے بعد عالمی سٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان

پیر 28 جولائی 2025 17:26

ہانگ کانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان ٹیرف معاہدے کے بعد یورپ اور ایشیا کی سٹاک مارکیٹس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اے ایف پی کے مطابق ٹیرف معاہدے کے تحت امریکہ یورپی برآمدات پر 15 فیصد بنیادی ٹیرف نافذ کرے گا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے معاہدہ کر لیا ہے، یہ سب کے لیے فائدہ مند ہے اور ممکنہ طور پر اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

نئے ٹیرف میں یورپی گاڑیاں، ادویات اور سیمی کنڈکٹرز شامل ہوں گے۔معاہدے کے تحت یورپی یونین نے 600 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔یورپی کمیشن کی صدر نے کہاکہ یہ ایک اچھا معاہدہ ہے جو استحکام کو یقینی بنائے گا جو دونوں اطراف کے کاروباروں کے لیے اہم ہے۔

(جاری ہے)

اس مثبت پیش رفت پر عالمی حصص بازاروں میں تیزی دیکھی گئی۔

پیرس میں ایک فیصد اضافہ ہوا جبکہ فرینکفرٹ، لندن، ہانگ کانگ، شنگھائی، سڈنی، سیئول، ویلنگٹن، تائی پے اور جکارتہ میں بھی مارکیٹس میں بہتری آئی تاہم ٹوکیو سٹاک ایکسچینج مسلسل دوسرے دن نیچے رہی جبکہ سنگاپور، منیلا اور ممبئی میں بھی کمی دیکھی گئی۔کاروباری سرگرمیوں کے دوران ٹوکیو سٹاک ایکسچینج میں نکی انڈیکس 1.1 فیصد کمی کے ساتھ 40,998.27، ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج کا اہم ترین ہینگ سینگ انڈیکس 0.7 فیصد اضافہ کے ساتھ 25,562.13، شنگھائی سٹاک ایکسچینج میں کمپوزٹ انڈیکس 0.1 فیصد اضافہ کے ساتھ 3,597.94، لندن سٹاک ایکسچینج میں ایف ٹی ایس ای 100انڈیکس 0.3 فیصد اضافہ کے ساتھ 9,143.68 ریکارڈ کیا گیا۔