دبئی ایرو اسپیس انٹرپرائز کا یونائیٹڈ ایئرلائنز سے 10 نئے بوئنگ 737-9 طیاروں کی خریداری اور طویل مدتی لیز کا معاہد ہ

پیر 28 جولائی 2025 17:27

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) متحدہ عرب امارات کی ایوی ایشن کمپنی دبئی ایرو اسپیس انٹرپرائز نے امریکی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائنز سے 10 نئے بوئنگ 737-9 طیاروں کی خریداری اور طویل مدتی لیز کا معاہد ہ کیا ہے۔ امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ طیارے اگست 2025 سے فروری 2026 کے درمیان ڈی اے ای کے حوالے کیے جائیں گے،دبئی ایرو اسپیس انٹرپرائز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیروز تاراپور نے اس معاہدے کو شمالی امریکا میں ادارے کی مسلسل موجودگی کا عکاس قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ہماری حالیہ پیش رفت کا تسلسل ہے، جس میں ہم نے یونائیٹڈ کے لیے ایک ایئر بس A321neo بھی حاصل کی تھی۔ ہم یونائیٹڈ ایئرلائنز کو ان کی مسلسل کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں اور آنے والے برسوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

بوئنگ 737-9، 737 میکس سیریز کا حصہ ہے، جو کہ جدید ایوی ایشن ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

یہ جہاز اپنے سابق ماڈلز کے مقابلے میں 20 فیصد کم ایندھن استعمال کرتا ہے اور اس کے ماحولیاتی اثرات بھی واضح طور پر کم ہیں۔ ساتھ ہی مسافروں کے آرام اور فضائی تجربے کو بھی بہتر بناتا ہے۔دبئی ایرو اسپیس انٹرپرائز کے پاس اس وقت 750 طیاروں کا بیڑا موجود یا زیر انتظام ہے، جن میں سے 225 طیارے بوئنگ کمپنی سے ہیں۔ کمپنی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ مستقبل میں مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر اپنی فلیٹ کی وسعت جاری رکھے گی۔\932