پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سمیت تحریک انصاف کے 3 منتخب رہنما نااہل کر دیے گئے

انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلوں کے بعد الیکشن کمیشن کا بھی فوری ایکشن، سینیٹر اعجاز چوہدری اور احمد چٹھہ کو بھی نااہل قرار دے دیا

muhammad ali محمد علی پیر 28 جولائی 2025 20:03

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سمیت تحریک انصاف کے 3 منتخب رہنما نااہل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2025ء) پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سمیت تحریک انصاف کی 3 منتخب رہنما نااہل کر دیے گئے، انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلوں کے بعد الیکشن کمیشن کا بھی فوری ایکشن، سینیٹر اعجاز چوہدری اور احمد چٹھہ کو بھی نااہل قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 9 مئی کیس قید کی سزا پانے والے تحریک انصاف کے سینیٹر اور دو ارکان اسمبلی کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹر اعجاز چوہدری، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر اور احمد چٹھہ کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 9 مئی کیس میں اےٹی سی نے تینوں ارکان کو سزا سنائی تھی۔ الیکشن کمیشن نے تینوں رہنماوں کی نشستیں خالی قرار دے دیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر 39 پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی نااہلی کا خدشہ ظاہر کر چکے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 9 مئی مقدمات میں 39 ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کا خطرہ ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی مقدمات میں پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان، 11 ایم این اے اور تین سینیٹرز کی نااہلی کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کے تمام ارکان پر مقدمات ہیں، مجھ سمیت کوئی ایسا پارلیمنٹیرین نہیں جس پر کوئی مقدمہ نہ ہو۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرے خلاف بھی 6 مقدمات درج ہیں، آج بھی کیسز مین لوگوں کو چھ، چھ ماہ کی سزائیں دی گئیں، ہمیں کہا گیا ڈی چوک پر جلسہ نہیں کرسکتے، کہا گیا جلسہ کرنا ہے تو سنجانی کے مقام پر کریں ، یہ اس قسم کے مقدمات ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں لاہور اور سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں نے 9 مئی کیسز میں تحریک انصاف کے متعدد رہنماوں کو 10 سال قید اور بھاری جرمانوں کی سزائیں سنائیں۔

انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرملک احمد بھچر، ایم این اے احمد چٹھہ، سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سابق ایم پی اے میاں محمود الرشید، سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت متعدد افراد کو سزائیں سنائی گئیں۔ ان سزاوں کے حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ فیصلے میں یہ لکھا گیا ہے کہ کیونکہ ان رہنماوں نے تحریک انصاف سے اعلان لاتعلقی نہیں کیا، اس لیے انہیں مجرم قرار دے دیا گیا۔