خیبر پختونخوا پولیس ،ٹیلی کمیونیکیشن برانچ کے تین ہیڈ کانسٹیبلز کی اے ایس آئی کے رینک پر ترقی

پیر 28 جولائی 2025 20:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) خیبر پختونخوا پولیس کی ٹیلی کمیونیکیشن برانچ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں تین ہیڈ کانسٹیبلز کو ترقی دے کر اے ایس آئی (اسسٹنٹ سب انسپکٹر) کے رینک لگائے گئے۔ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن عرفان طارق نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو ترقی کے بیجز لگائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاں ان اہلکاروں کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ کارکردگی اور دیانت داری کا عملی اعتراف ہے اور دیگر اہلکاروں کے لیے بھی ایک مثال ہے۔

ڈی آئی جی عرفان طارق نے کہا کہ ترقی سے نہ صرف اہلکاروں کی حو صلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ یہ ادارے کے نظم و ضبط کو بھی مستحکم بناتا ہے جو کہ ایک موثر اور فعال پولیس فورس کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی اور ان کو تلقین کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اداکرکے مزید ترقی کی منازل طے کریں۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی واضح ہدایات کی روشنی میں خالی آسامیوں پر ترقی کے منتظر اہلکاروں کو جلد از جلد ترقی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عمل کو شفاف، تیز تر اور میرٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر اہلکار کو اس کی صلاحیت اور محنت کا جائز صلہ دینا ہماری ترجیح ہے۔آئی جی پی خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق پولیس فورس کے تمام شعبوں میں پیشہ ورانہ بہتری اور جدت لائی جا رہی ہے تاکہ ایک عوام دوست اور متحرک پولیس نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترقی پانے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل مسعود اقبال، مراد علی اور نادر خان شامل ہیں۔