بنگلہ دیش: یو این انسانی حقوق کمیشن کے تین سالہ مشن کے قیام پر اتفاق

یو این پیر 28 جولائی 2025 20:00

بنگلہ دیش: یو این انسانی حقوق کمیشن کے تین سالہ مشن کے قیام پر اتفاق

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 28 جولائی 2025ء) اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق اور بنگلہ دیش کی حکومت نے انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ کے لیے ملک میں ادارے کا تین سالہ مشن شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اس ضمن میں باہمی مفاہمت کی ایک یادداشت طے پائی ہے جس پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک اور بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے اس کے خارجہ سیکرٹری اسد عالم سیام نے دستخط کیے۔

گزشتہ اگست سے اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کی بنگلہ دیش کے ساتھ شراکت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر ملک میں انسانی حقوق سے متعلق اصلاحات کے فروغ میں مدد دینے کے علاوہ پرتشدد احتجاج کو بے رحمانہ انداز میں کچلنے کے واقعات کی جامع تحقیقات بھی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

حقوق کے فروغ و تحفظ کا عزم

وولکر ترک نے کہا ہے کہ اس یادداشت پر دستخط سے انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ کے لیے بنگلہ دیش کے عزم کا اظہار ہوتا ہے جن کی سیاسی تبدیلی کے عمل میں بنیادی اہمیت ہے۔

اس سے ادارے کو تحقیقاتی رپورٹ میں دی گئی سفارشات پر بہتر طور سے عملدرآمد میں بھی مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں، یہ اقوام متحدہ کو حکومت، سول سوسائٹی اور دیگر فریقین کے ساتھ براہ راست کام کا موقع دے گی تاکہ بنگلہ دیش میں کی جانے والی بنیادی اصلاحات کے لیے ادارے کی جانب سے مہارت اور معاونت فراہم کی جا سکے۔

نیا مشن بنگلہ دیش کے حکام کو مختلف شعبوں میں تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا تاکہ ملک انسانی حقوق سے متعلق اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے قابل ہو اور اس حوالے سے حکومتی اداروں اور سول سوسائٹی کے کرداروں کی استعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔