امریکا کی اول آخر ترجیح اسرائیل ہی ہے، مسلم امہ کو یہ مسئلہ حل کرنا پڑے گا

امریکا کی اسرائیل سے ناراضگی کافی نہیں بلکہ امریکا کو قطر کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے،اگر امن ہوجائے تو نیتن یاہو ایک دن کیلئے اقتدار میں نہیں رہ سکتا۔ وزیردفاع خواجہ آصف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 11 ستمبر 2025 23:13

امریکا کی اول آخر ترجیح اسرائیل ہی ہے، مسلم امہ کو یہ مسئلہ حل کرنا ..
دوحہ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 ستمبر 2025ء ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا کی اول آخر ترجیح اسرائیل ہی ہے، مسلم امہ کو یہ مسئلہ حل کرنا پڑے گا،امریکا کی اسرائیل سے ناراضگی کافی نہیں بلکہ امریکا کو قطر کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کو یہاں لاکر امریکا نے بسایا، پھر امن مذاکرات دوحہ میں ہوئے۔

افغانستان سے طالبان کا وفد جاتا تھا۔ اسی طرح حماس کے پولیٹیکل ونگ کو بھی امریکا نے یہاں قطر میں لاکر بسایا۔ ان کو لاکر بسانا قطر کا کام نہیں تھا بلکہ امریکا نے یہ سب کیا تھا۔ اب امریکا کا بڑا اتحادی اسرائیل حملے کررہا ہے اور امن واستحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

(جاری ہے)

میرا اپنا تاثر ہے کہ عرب ممالک کو احساس ہورہا ہے کہ امریکا کی اول آخر ترجیح اسرائیل ہے۔

2001 سے کوئی نہ کوئی ریاست اسرائیل کی فرمائش پر فال ہوتی رہی۔ پچھلے دو تین مہینوں میں اسرائیل کے پانچ چھ عر ب ممالک پر حملے ہوچکے ہیں۔ ایران، یمن، قطر، لبنان، شام پر حملے ہوئے۔ مسلم امہ کو یہ مسئلہ حل کرنا پڑے گا۔ ورنہ باری لگی رہے گی۔ امریکا کی اسرائیل سے ناراضگی کافی نہیں، بلکہ امریکا کو قطر کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے ۔اگر امن ہوجائے تو نیتن یاہو ایک دن کیلئے اقتدار میں نہیں رہ سکتا، امن کو سبوتاژ کرنا نیتن یاہو کا ذاتی فائدہ ہے، جب تک جنگ جاری رہے گی نیتن کا اقتدار چلتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ قطر سمجھتا ہے کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔قطر میں احساس ہے کہ اسرائیل مزید آگے بڑھے گا۔اسرائیلی حملے کے جواب کیلئے اتوار اور سوموار کو مسلم لیڈرز کی سمٹ ہے۔
یاد رہے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قطر کی قیادت کو اسرائیل کی بلا جواز اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی طرف سے مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا۔

جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ پر حالیہ اسرائیلی حملے کے تناظر میں قطر کی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے قطر کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ہوئی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی پاکستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔