غزہ میں بھوک سے انکار ناقابلِ فہم ہے، آسٹریلوی وزیرِاعظم کی اسرائیل پر شدید تنقید

منگل 29 جولائی 2025 09:10

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) — آسٹریلیا کے وزیرِاعظم انتھونی البانیزے نے اسرائیلی قیادت کی جانب سے غزہ میں بھوک اور قحط کے انکار کو "ناقابلِ فہم" قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔شنہوا کے مطابق منگل کے روز کینبرا میں حکمران لیبر پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو اور آسٹریلیا میں اسرائیل کے نائب سفیر عامر میرون کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا کہ غزہ میں کوئی قحط یا بھوک نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان دعووں کو سمجھنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناقابلِ فہم ہے کہ غزہ میں کوئی بھوک نہیں ہے ۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسٹریلوی وزیرِاعظم نے اتوار کے روز ایک انٹرویو میں آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی ) کو بتایا تھا کہ اسرائیل واضح طور پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، کیونکہ وہ غزہ میں امداد کی ترسیل کو روک رہا ہے۔ اسی سلسلے میں جمعہ کے روز ایک بیان میں البانیزے نے کہا تھا کہ امداد کی بندش اور شہریوں کا قتل کسی طور بھی قابلِ دفاع یا نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔