ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم ہیلپ لائن پر درج شکایات کا جائزہ لیا

منگل 29 جولائی 2025 10:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ صبا اصغر علی نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم ہیلپ لائن پر درج شکایات کا جائزہ لیا اور شہریوں سے براہ راست رابطہ کیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کی ہیلپ لائن 1718 پر درج ہونے والی شکایات کا خود جائزہ لیتے ہوئے شہریوں سے براہ راست رابطہ کیا۔ شہریوں کی جانب سےیکم جولائی سے اب تک مختلف محکموں کے متعلق 44 شکایات موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے رینڈم بنیادوں پر 14 شکایت کنندگان کو بذاتِ خود کال کر کے سروسز کے معیار بارے استفسار کیا۔ اس دوران صرف ایک شکایت زیر التواء پائی گئی جبکہ باقی تمام شہریوں نے اپنے مسائل کے حل کی تصدیق کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سیالکوٹ 24 گھنٹے فعال ہے اور شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت کے لئے ہیلپ لائن 1718 پر رابطہ کریں۔